آئی جی سے اختلاف نہیں‘ تقرریاں کرنا حکومت کا کام ہے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کے حوالے سے پیپلزپارٹی جو فیصلہ کرے گی حکومت سندھ اس پر عمل درآمد کرے گی،وفاقی حکومت ادھر ادھر کے بجائے معاشی امور پر دھیان دے اورعوام جو مہنگائی میں دب کر رہ گئی ہے اس کا کچھ خیال کرے۔ وہ منگل کو حضرت سچل سرمست کے 198ویں عرس کی تقریب میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعلی سندھ نے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت کو سنبھال نہیں سکی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پولیس کے متعلق وہ قانون لائے ہیں جو پنجاب میں نافذ العمل ہے۔اس ضمن میں انہوں نے کہاکہ ہم سندھ پولیس کا وہ قانون واپس لائے ہیں جو یہ لوگ کہتے آرہے تھے۔انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ ان کے آئی جی سندھ سے اختلافات ہیں۔تقرریاں کرنا حکومت کا کام ہے۔ انہوں نے استفسارکیا کہ جب پنجاب میں حکومت تقرریاں کرسکتی ہے تو سندھ میں وہی کام صوبائی حکومت کیوں نہیں کرسکتی؟۔