ولڈکپ، بابر اعظم 10 خطرناک ترین بلے بازوں میں شامل
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کے بابراعظم نے ورلڈ کپ کے 10 خطرناک ترین بیٹسمینوں میں جگہ بنا لی ہے۔بین الاقوامی ویب سائیٹ نے ورلڈ کپ کے 10 خطرناک ترین بلے بازوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں بھارت کے 2 جبکہ افغانستان، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کا ایک، ایک کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔پاکستان کے بابراعظم کی حالیہ بالخصوص انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے،دوسرے کھلاڑیوں میں افغانتستان کے محمد شہزاد، بنگلہ دیش کے تمیم اقبال ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، انگلینڈ کے جوزبٹلر، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن، جنوبی افریقہ کے کوانٹن ڈی کوک، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی اور شیکھر دھون شامل ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا کا کوئی بلے باز اس فہرست میں جگہ نہیں بناپایا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے وارم اپ میچز کا مرحلہ 24 مئی سے شروع ہوگا اور 5 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگا اس کے بعد ورلڈ کپ 2019ء کا باضابطہ آغاز 30 مئی سے ہوگا۔ 24 سے 28 مئی تک وارم اپ مرحلے میں ہر روز دو، دو میچز کھیلے جائینگے۔ 24 مئی کو پہلا وارم اپ میچ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا اسی روز دوسرا وارم اپ میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کارڈف میں کھیلا جائیگا۔ اسی طرح 25 مئی کو بھی دو وارم اپ میچز کھیلے جائینگے، پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے جبکہ اسی روز کا دوسرا وارم اپ میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان لندن میں کھیلا جائے گا۔ 26 مئی کو کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور یہ میچ کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ اسی روز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں برسٹل میں مدمقابل ہونگی۔ 27 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ اسی روز دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی۔ وارم اپ مرحلے کے آخری روز 28 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ اسی روز کا دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا آخری میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ وارم اپ مرحلے کے ختم ہونے کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کا باقائدہ آغاز 30 سے ہوگا اور ورلڈ کپ کا ابتدائی میچ 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے مقام پر کھیلا جائے گا۔قومی کر کٹ ٹیم ورلڈ کپ مہم کا آج سے آغاز کریگی،پہلے وارم اپ میچ سے قبل ٹیم برسٹل میں پریکٹس کریگی۔پاکستان اور انگلینڈ کے مابین وارم اپ میچ پرسوںکو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم لیڈز سے برسٹل پہنچ گئی جہاں وہ ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ کھیلے گی۔ ٹیم انتظامیہ نے فاسٹ بائولر جنید خان کو ریلیز کر دیا ہے، وہ اپنے اہل خانہ کے پاس بریڈ فورڈ اور لیگ سپنر یاسر شاہ بر منگھم چلے گئے۔ عابد علی اور فہیم اشرف کے انگلینڈ میں کھیلنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا، آج سے ٹریننگ شروع ہوگی۔ وہاب ریاض جلد جوائن کر لیں گے، بیٹسمین آصف علی لندن سے امریکہ چلے گئے اور بیٹی کی میت کے ساتھ فیصل آباد آئیں گے۔آصف علی تدفین اور سوئم کے بعد ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔