• news

ایک رات قبل بتا دیا گیا تھا ورلڈ کپ کی تیاری کرلو: وہاب ریاض

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل ہونے والے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا کہنا ہے پوری طرح فٹ ہوں ، میگاایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں گا، میرے مرحوم والد کی خواہش تھی کہ ورلڈ کپ کھیل کر پاکستان کو جتواؤں، سلیکشن کمیٹی نے مجھے بہتر سمجھا تو سکواڈ میں شامل کر لیا، ورلڈ کپ میں شمولیت کا یقین تھا، چند روز قبل خواب میں سکواڈ کے ساتھ تھا۔ آ خری لمحات میں ورلڈکپ سکواڈ میں شامل ہونے والے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے میگاایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے خواب آنکھوں میں سجا لئے۔ ورلڈکپ سکواڈ میں شامل ہونے پر خوش ہوں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنا انتخاب درست ثابت کروں گا۔ تنقید کرنے والے صرف منفی چیزیں اچھالتے ہیں جو کہ غلط بات ہے پوری طرح فٹ ہوں اگر فٹنس ٹیسٹ لیا گیا تو کلیئر کرلوں گا۔ انگلینڈ کے خلاف بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی تاہم فیلڈنگ قدرے خراب رہی تاہم اب امید ہے کہ قومی ٹیم ورلڈکپ میںاچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ورلڈکپ کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لئے ایک بڑا موقع ہوتا ہے۔گزشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میںبھی ٹیم کے لئے اپنا کردار ادا کیا تھا اور انشااللہ اس ورلد کپ میں بھی موقع ملنے پر اپنی بھر پور کارکردگی دکھاؤں گا۔ ہر کھلاڑی پر پریشر لازمی ہوتا ہے مگر کوشش کروں گا کہ اچھا پرفارم کروں۔ مجھے ایک رات قبل بتادیاگیا تھا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کرلیں تاہم چند روز قبل ہی خواب میں ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل دیکھا تھا۔ پرائیویٹ فزیو کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں جبکہ رمضان کے باوجود باؤلنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کرتا رہا ہوں۔وہاب ریاض آج انگلینڈ روانہ ہونگے ۔

ای پیپر-دی نیشن