• news

وزیراعظم سے ملاقات ، کویتی کمپنی تیل و گیس کی تلاش کیلئے 98 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کریگی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) کویتی کمپنی پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے 98 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کرے گی۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کویتی کمپنی کی ذیلی کمپنی پنجاب اور خیبر پی کے میں تیل و گیس تلاش کرے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 98 لاکھ ڈالرز ابتدائی سرمایہ کاری ہو گی۔ دونوں ممالک کے درمیان تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لائسنس اجراء معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔ وزارت پٹرولیم کے مطابق ملک میں تیل و گیس کی تلاش پر محنت ضرور رنگ لائے گی۔ معاہدے کو عملی جامہ پہنانے سے غیرملکی سرمایہ کاری کو وسعت ملے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے کویت پٹرولیم کے سی ای او نے وفد کی صورت میں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کویت پٹرولیم کے سربراہ نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کویت پٹرولیم کے سربراہ اور وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا ہے حکومت کویت پٹرولیم کی کاروباری آپریشنز میں معاونت جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تیل و گیس کے شعبے کے لئے نئی پٹرولیم پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ نئی پٹرولیم پالیسی میں غیر ملکی کمپنیوں کو مراعات دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پٹرولیم پالیسی میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہائوس میں یونیورسٹی کے قیام کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے ، وزیراعظم ہائوس میں جدید معیار کی پاک چین یونیورسٹی آف انجینئرنگ قائم ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے ملاقات کی انہوں نے وزیراعظم کو پاک چین یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ رپورٹ کے مطابق سائنسی علوم پر اس جامعہ میں ابھرتی ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی اور یونیورسٹی کی تشکیل کیلئے چین مالی امداد دے گا۔ وزیراعظم کو علم کی بنیاد پر معیشت سے متعلق ٹاسک فورس کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔این این آئی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 24 مئی کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے اورگورنرہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت کے علاوہ شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کراچی میں قیام کے دوران کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدرات کے علاوہ گورنرسندھ عمران اسماعیل اورپی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن