معاشی استحکام کے لئے اقدامات کی مکمل حمایت کرینگے: قومی سلامتی کمیٹی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی سلامتی کمیٹی نے اقتصادی مسائل کے پائیدار اور دیرپا حل کی کوششوں کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کر دی ہے۔نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں خطے میں حالیہ پیش رفتوں خاص طور پر جیو سٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے علاقائی امن اور استحکام کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔ اجلاس میںاجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور ،وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، بحریہ کے چیف ایڈمرل ظفر محمود اللہ عباسی، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، اٹارنی جنرل انور منصور خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور متعلقہ وفاقی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔ فورم نے گلگت بلتستان میں اصلاحات الگ سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں گلگت بلتستان کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو اولیت دی جانی چاہیے۔قومی سلامتی کمیٹی نے معاشی معاملات کے پائیدار اور دیرپا حل کیلئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے علاقائی امن واستحکام کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے ہٹ کر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی الگ ملاقات بھی ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران سلامتی کے معاملات بشمول معاشی امور زیر غور آئے۔ اس ملاقات کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے معاشی استحکام کیلئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔