نوازشریف عید جیل میں گزاریں گے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ درخواست ضمانت پر 11 جون کو سماعت کرے گی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت کیلئے دائر درخواست عید کے بعد کی سماعت کے لیے مقرر کردی۔ وفاق، سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اور نیب سے گیارہ جون تک جواب طلب کرلیا گیا۔رجسسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔ نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانوں کی سزا معطل کرکے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔ نواز شریف نے تازہ میڈیکل رپورٹس اور ملکی وغیرملکی ڈاکٹرز کے مشورے کو بنیاد بناکر ضمانت منظور کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نواز شریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر ضمانت منظوری کی درخواستیں مسترد کرچکی ہیں۔ گیارہ جون کی سماعت پر نیب اور سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کے جوابات کے بعد نواز شریف کی ضمانت پر فیصلہ ہوگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ 11 جون کو نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گی۔ اس سلسلے میں وفاق‘ سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت اور نیب کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔