• news

وزیراعظم نے بجلی و گیس چوروں کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد+کراچی (نمائندہ خصوصی+وقائع نگار+خبرنگار) وزیراعظم عمران خان نے بجلی اور گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم سے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور معاون خصوصی ندیم بابر اور وزیر قانون فروغ نسیم نے ملاقات کی۔وزیر توانائی عمر ایوب خان نے وزیر اعظم کو توانائی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کیا۔عمر ایوب خان نے بجلی اور گیس چوری کی روک تھام کی مہم سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے بجلی گیس چوری کے خلاف کامیاب مہم پر وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھی جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ملاقات کے دوران معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیر اعظم کو اپنے دورہ ترکمانستان کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے مرحوم وفاقی وزیر سردار علی محمد مہر کے بھائی علی گوہر خان مہر صوبائی اسمبلی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سردار علی محمد مہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ علی محمد مہر کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیراعظم نے قمر زمان کائرہ کو فون کرکے بیٹے اسامہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ وزیراعظم عمران خان سے قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی۔ ذرئع کے مطابق ملاقات میں قانون ساز ی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ جہاں وہ گورنر ہائوس میں اجلاس کی صدارت کریں گے اور شوکت خانم کے فنڈ ریزنگ افطار میں شرکت کریں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کریں گے اور گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔ گورنر تبوک سے ملاقات میں عمران نے کہا مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر سعودی عرب کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم کے گھوٹکی بھی جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم عمران خان، علی محمد مہر کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کریں گے۔وزیرِ اعظم کو ایمپلایئز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سید ذوالفقار عباس بخاری ، چئیرمین ای او بی آئی اظہر حمید و دیگر افسران شریک ہوئے،وزیرِ اعظم کو ایمپلایئز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن کی موجودہ صورتحال ، ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عمر رسیدہ پیشنرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ایمپلایئز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن کی جانب سے ملک میں جلد پینشن ڈے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے ادا کرنے والے مالکان اور ایمپلائرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ،ایمپلایئز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن میں مزدوروں اور ورکرز کی ریجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لئے نہ صرف ریجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے بلکہ اس سارے عمل کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے تاکہ کرپشن و دیگر بد عنوانیوں کا خاتمہ کیا جا سکے،ریجسٹرڈ ایمپلائیز کا مکمل ڈیٹا بینک مرتب کیا جا رہا ہے،ریجسٹرڈ ملازمین کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے جدید کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم شروع کیا جا رہا ہے۔ کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کے حکومتی پروگرام کے تحت ای او بی آئی کی ذیلی کمپنی پاکستان رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تجویز وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی،اس منصوبے کے تحت تین اور پانچ مرلہ کے ساڑھے پانچ ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے،وزیرِ اعظم کی ای او بی آئی انتظامیہ کو پینشنرز کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ،پینشن حاصل کرنے والے عمر رسیدہ افراد کی سہولت کے لئے بینکوں کے ساتھ ساتھ پیمنٹ کی دیگر سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے،وزیر اعظم نے کہا کہ ای او بی آئی کے حوالے سے وفاق اور صوبوں کے مابین بعض معاملات کے حل کے لئے ان معاملات کو جلد از جلد مشترکہ مفادات کی کونسل کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ ان معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کر کے ایمپلائیز کی فلا ح و بہبود پر بھرپور توجہ دی۔

ای پیپر-دی نیشن