ڈالر 50پیسے‘ سونا 400 روپے تولہ سستا‘ سٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار
لاہور، کراچی‘ اسلام آباد(کامرس رپورٹر،+ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 50 پیسے کم ہوگئی ہے جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 151.95 روپے سے کم ہوکر 151.45 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 153 روپے سے کم ہوکر 152.50 روپے ہوگئی ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی برقرار ہے۔ لینڈ ریڈ انڈیکس دو دن میں 6.4 فیصد بڑھ گیا۔ گزشتہ روز کاروبار 35 ہزار 581 پوائنٹ پر بند ہوا۔ مارکیٹ کیپلائزیشن 7200 ارب روپے ہوگئی۔ سونا 400 روپے سستا ہوکر 70 ہزار 900 روپے فی تولہ پر آگیا۔ آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی گروتھ کا ریٹ 4فیصد مقرر کرنے کی منظوری دیدی گئی ، صنعتی ترقی کا ہدف 2فیصد، زرعی ترقی کا ہدف3.5فیصد اور خدمات کے شعبے میں ترقی کا ہدف4.7فیصد مقرر کیا گیاہے ان اہداف کی منظوری اے پی سی کے اجلاس میں دی گئی ہے ، رواں مالی سال معاشی ترقی کا ہدف 6.2 فی صد تھا تاہم 3.3فیصد شرح ترقی حاصل ہو سکی ، 3جون کو ختم ہو رہے موجودہ مالی سال میں صنعتی ترقی کا ہدف 7.6فیصد تھا جوحاصل نہ ہوسکا ہے اور حکومت آئندہ مالی سال کیلئے صنعتی ترقی کا ہدف2 فیصد مقرر کیا ہے۔دریں اثناء مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں 5.72 ارب ڈالر بیرونی قرضوں کی مد میں ادا کئے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حکومت نے 9 مہینوں میں 4 ارب 13 کروڑ ڈالر بیرونی قرضوں کے اصل اور ایک ارب 58 کروڑ ڈالر سود کی مد میں ادا کئے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق رواںمالی سال کی تیسری سہ ماہی میں حکومت نے قرضوں کے اصل اور ان کے سود پر ایک ارب 95 کروڑ ڈالر خرچ کئے ہیں جس میں ایک ارب 48 کروڑ ڈالر قرضوں کے اصل اور 48 کروڑ ڈالر سود کی مد میں ادا کئے گئے ہیں۔ مزیدبراں پاکستان نے پچھلے 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 8.6 ارب ڈالر کے قرضے حاصل کئے ہیں۔ حاصل کئے گئے قرضوں میں سے 6.5 ارب ڈالر یعنی 75 فیصد قرض صرف چین سے لیا گیا۔ سرکاری دستاویزات میں پاکستان نے آئی ایم ایف کے دبائو کی وجہ سے پہلی بار چین سے حاصل کئے جانے والے تمام اقسام کے قرضوں کی تفصیل جاری کردی ہیں۔