• news

بی جے پی اور اتحادیوں کی 351 سیٹیں‘ کانگرس اتحاد صرف 100 لے سکا‘ بھارتی الیکشن:مودی پھر جیت گئے

نئی دہلی(صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ)بھارت میں لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے 7 مراحل میں ہونے والے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے واضح برتری حاصل کرلی۔ غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد 'نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس' نے 351 نشستیں حاصل کیں جس کے مقابلے میں انڈین نیشنل کانگریس کے اتحاد 'یونائٹیڈ پروگریسیو الائنس' 100 لے سکا۔ دیگر جماعتوں نے 91 نشستیں جیتیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بی جے پی نے انفرادی طور پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ 300 نشستیں حاصل کرلیں اس طرح وہ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی۔ کانگریس کی اپنی 51 نشستیں ہیں۔ کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے بھی انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام سب سے بڑے فیصلہ ساز ہیں۔پریانکا گاندھی نے بھی نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد بی جے پی بآسانی مسلسل دوسری مرتبہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔یاد رہے کہ 2014 میں حکومت بنانے والی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کو 60 نشستیں ملی تھیں۔ نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کامیابی دلوانے پر انڈین عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکریہ انڈیا۔ ہمارے اتحاد پر اعتماد کا اظہار ہمیں منکسرالمزاج بناتا ہے اور میں ہمت دے رہا ہے کہ لوگوں کی امیدیں پوری کرنے کے لیے مزید محنت کریں۔ بھارتیوں نے ہمارے اتحاد پر اعتماد کا اظہار کرکے ہمیں بہت زیربار کر دیا۔ انڈین بازارِ حصص میں شدید تیزی دیکھی گئی ہے۔ سینسیکس انڈیکس تاریخ میں پہلے مرتبہ 40000 پوائنٹس سے اوپر گیا ہے جبکہ ففٹی ففٹی 12000 پوائنٹس کی حد عبور کر چکا ہے۔ بی جے پی جماعت کے بڑے رہنما تو اس وقت میٹنگ میں مصروف ہیں جہاں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نریندر مودی کب اور کہاں حلف اٹھائیں گے۔ جس نوعیت کی برتری ان کی جماعت نے حاصل کی ہے، بی جے پی کے رہنمائوں نے نہایت خوشی کا اظہار کیا ہے کیونکہ یہ نتائج ایگزٹ پولز میں کی جانے والی پشین گوئی سے کہیں زیادہ ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق راہول گاندھی رائے بریلی میں جیت گئے اور امیٹھی میں ہار گئے۔ سونیا گاندھی نے رائے بریلی سے فتح حاصل کر لی۔ بی جے پی کے رہنما راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ بھی جیت گئے ۔ اننت ناگ میں محبوبہ مفتی ہار گئیں۔ لوک سبھا کے انتخابات میں شوبز شخصیات نے بھی قسمت آزمائی۔ بالی وڈ ستاروں میں بی جے پی کے امیدوارسنی دیول، ہیما مالنی، کرن کھیر کو برتری جبکہ بی جے پی کی جیا پرادھا اور کانگریس کے شتروگن سنہا، راج ببر اور ارمیلا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ راجستھان، اتر پردیش ، مہاراشٹر، بہار، کرناٹکا، گجرات ، مدھیہ پردیش، دلی میں بھارتی جنتا پارٹی نے صفایا کر دیا۔ پنجاب اور کیرالہ میں کانگریس کو برتری حاصل رہی۔ وارانسی سے نریندر مودی ، حیدر آباد سے اسد الدین اویسی جیت گئے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کروانے پر نریندر مودی کی مشکور ہوں۔ دوسری جانب ٹی وی چینلز کی جانب سے انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری کے اعلان کے بعد حامیوں کی جانب سے دہلی ہیڈ کوارٹرز سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں جشن منایا جا رہا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ مثبت سیاست اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے لیے بڑا مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کے لیے بڑی کامیابی ہے، ہم اس کامیابی سے بہت خوش ہیں۔ بی جے پی نے چھتیس گڑھ میں لوک سبھاکی 11 سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ کانگریس صرف 2 نشستیں حاصل کر سکی۔ اتردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 80 میں سے 57 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ بہوجن سماج پارٹی کا اتحاد 22 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر اور کانگریس نے صرف ایک نشست حاصل کی۔ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی سے نریندر مودی 2 لاکھ کے قریب ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے جبکہ کانگریس کے اجے رائے دوسرے نمبر پر تھے۔ گجرات میں بی جے پی نے لوک سبھا کی 26 میں سے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی جبکہ کانگریس صرف ایک نشست حاصل کر سکی۔ الیکشن کمیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں لوک سبھا کی 13 نشستوں میں سے کانگریس 8 نشستیں حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہی جبکہ شیرومانی اکالی دل اور بی جے پی نے 2,2 نشستیں حاصل کیں۔ بی جے پی کو گرداس پور اور ہوشیار پور کی نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کو سنگرور کی نشست پر برتری حاصل ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا انعقاد 7 مراحل میں 11 اپریل سے 19 مئی تک ہوا تھا اور23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ بھارتی انتخابات میں بی جے پی کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔ ہم مل کر بڑھیں گے۔ پھلیں گے ، پھولیں گے، مضبوط اور متحد بھارت کی تعمیر کریں گے۔ بھارت ایک بار پھر جیت گیا۔ امریکی صدر ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر عالمی رہنمائوں نے مودی کو انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دی ہے۔ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آج اپوزیشن کرنے کا وقت نہیں مودی کو مبارکباد دینے کا وقت ہے۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ بھارتی جنتا مالک ہے آج لوگوں نے اپنا واضح فیصلہ سنا دیا۔ راہول گاندھی نے امیٹھی کے حلقے سے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے سمرتی ایرانی کو بھی مبارکباد دی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کی حفاظت کیلئے چوکیدار اب مضبوط نشان بن گیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ چوکیدار کی سپرٹ کو آگے لایا جائے ۔ اس سپرٹ کو زندہ رکھیں اور بھارت کی ترقی کا سفر جاری رکھیں۔ اپنے ٹوئٹر اکائونٹ سے چوکیدار کا لفظ ہٹا دیا لیکن یہ لفظ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔مقبوضہ جموں کشمیر نیشنل کانفرنس نے جمعرات کو وادی کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔حکام کے مطابق پارٹی کے صدر فاروق عبد اللہ سرینگر کی نشست سے،محمد اکبر لون بارہمولہ سیٹ سے جبکہ حسنین مسعودی اننت ناگ سیٹ سے کامیاب قرار دئے گئے ہیں۔فاروق نے سرینگر کی سیٹ چوتھی بار جیت لی ہے۔سری لنکا وزیراعظم نے ٹوئٹ میں بھارتی ہم منصب کو مبارکباد دی۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ نے مودی کو فتح پر مبارکباد کا پیغام دیا۔ ادھر بھارتی وزیراعظم کے آبائی گھر میں لوگوں کا تانتا بندھ گیا جو مودی کی والدہ کو مبارکبادیں دیتے رہے۔ بی جے پی کے کارکنوں نے جیت پر رقص کیا۔

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز) بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو مبارکباد دی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے مودی سے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی کو بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو انتخابی فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔ آگے بڑھنے کیلئے جنوبی ایشیاء میں امن ، سلامتی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عمران خان کی مبارکیاد پر اظہار تشکر کیا ہے جو اسی ٹوئٹ میں نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپ کی نیک تمنائوں پر میں آپ کا شکر گزار ہوں۔ میں نے ہمیشہ خطے میں امن اور ترقی کو ترجیح دی۔

ای پیپر-دی نیشن