• news

چیئرمین نیب نے وزرا کیخلاف تحقیقات روکنے کا بیان دیکر بحران ظاہر کر دیا: بلاول

راولپنڈی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز) نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں بلاول بھٹو زرداری کو 29 مئی کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ نیب نے بلاول بھٹو زرداری کو آج بھی طلب کررکھا ہے۔ دوسری طرف چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین ہسپتالوں کا کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا اور واضح کردیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب کرنے دیں گے۔ معاملہ پارلیمنٹ اور مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھا سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا اقدام صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔ وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین ہسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے۔ اپنے بیان میں بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اس اقدام کی مزاحمت کریں گے۔ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں حکومت سندھ کی نثرظانی اپیل پر فیصلہ آنے تک کا انتظار بھی گوارا نہیں کیا۔ چیئرمین نیب کی جانب سے وفاقی وزراء کیخلاف تحقیقات روکنے کے اعترافی بیان اور وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے ملک میں آئینی بحران کو ظاہر کردیا ہے۔ علاوہ ازیں پیپلزپرٹی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ آصف زرداری کا بیانیہ نوشتہ دیوار ہے کہ نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے۔ سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیئر حسین بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نادان حکمران ملک کو مقروض کرکے خوش ہورہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن