دو ماہ سے الیکشن کمشن ممبران کی تقرری کیوں نہیں ہوئی: لاہور ہائیکورٹ‘ اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری
لاہور(وقائع نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ممبران کی عدم تعیناتی کیخلاف اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ۔ جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون الرشید شیخ نے ایک شہری ارشد حسین ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ قا نون اور آئین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔الیکشن کمیشن کے 2ممبران کی آسامیاں گذشتہ 2ماہ سے خالی پڑی ہیں ابھی تک کسی کو تعینات نہیں کیا گیا۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ 2ماہ سے اس پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ عدالت کے حکم پر ہدایات لیکر آتا ہوں۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ممبران کی تعیناتی سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی طلب کی ہے۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران 28 جنوری کو ریٹائرڈ ہوئے،آئین کے تحت حکومت نے 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے۔ 12 مارچ کو یہ مدت ختم ہوگئی لیکن وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت تک نہیں کی۔درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بھی غیر فعال ہے۔