سابق سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب امداد بوسال‘ زرداری گروپ‘ ایم این اے ناصر اقبال کیخلاف نیب انکوائری کی منظوری
اسلام آباد(نامہ نگار) نیب نے سابق ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ چوہدری رشید احمد سمیت بد عنوانی کے چار ریفرنسز دائر کر نے کی منظوری دیدی ہے ۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہوا ۔ اجلاس میں چوہدری رشید احمد،سابق ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان نے مبینہ طورپراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے سے 28.5 ملین روپے کی رقم ایڈورٹائزنگ ایجنسی کے ساتھ مل کرنکلوانے کی کوشش کی جس کو بر وقت کاروائی کے ذریعے پی اے آر سی نے ناکام بنا دیا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں نعیم الدین خان سابق صدر بنک آف پنجاب اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان پر مبینہ طورپراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بنک آف پنجاب کے شیئرز کی خرید وفروخت میں انسائڈٹریڈنگ کرنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 10.385 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںگلاب خان سیکرٹری کراچی پورٹ ٹرسٹ آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان پر مبینہ طورپراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر قواعد و ضوابط کے خلاف من پسند افراد کو الاٹ کرنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 110ملین روپے کا نقصان پہنچا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں منظور قادر سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA)کراچی اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان پر مبینہ طورپراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نہر ِخیام کراچی میں سرکاری زمین میسرز فرینڈز ایسوسی ایٹس کومبینہ طور پرغیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر3ارب روپے کا نقصان پہنچا۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 3انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میںسیدطلعت محمودسابق چیف آپریٹنگ آفیسر زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ(ZTBL) اور دیگر،ناصر اقبال بوسال رکن قومی اسمبلی اورامداد اللہ بوسال سابق سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب اورمیسرز رداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈنے پنجاب رینیوایبل انرجی کمپنی لمیٹڈکی انتظامیہ/افسران /اہلکاران اور دیگر اورقائد اعظم ونڈپاورکمپنی لمیٹڈکی انتظامیہ/افسران /اہلکاران اور دیگرکے خلاف اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق انکوائری ختم کرنے کی منظوری دی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیر ا ہے۔ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور عوام کی لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ر ہے ہیں۔