مقبوضہ کشمیر: برہان وانی کے قریبی ساتھی سمیت 2 نوجوان شہید، زبردست مظاہرے، کرفیو نافذ
سری نگر (کے پی آئی +نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں بھارتی فوج کی کارروائی میں حریت پسند ذاکر موسیٰ سمیت دو نوجوان شہید کر دئیے۔ ذاکر کو شہید برہان وانی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا۔ میت ورثا کیحالے کر دی گئی۔ مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ نوجوان لیڈر کی شہادت پر بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے۔ بھارت فورسز نے ترال کے گائوں داد سرا میں گیارہ گھنٹے کی کارروائی کے بعد نوجوان کو شہید کیا۔ ذاکر کو شہید برہان وانی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتاتھا۔ ظالمانہ کارروائی کے بعد کشمیریوں نے ریاستی بربریت کے خلاف احتجاج کیا۔ شہید ذاکر کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ سکول، کالج بند کر دئیے گئے۔ نوجوان لیڈر کی شہادت پر پوری وادی میں لوگ بھارت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ نماز جمعہ کے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ دستی بموں کے دو حملوں میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ اونتی پورہ پولیس سٹیشن کے باہر اور ٹائیگور ہال کے نزدیک نامعلوم افراد نے بھارتی فورسز کی گاڑیوں پر گرینیڈ داغے جو زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ کے پی آئی کے مطابق دھماکے میں 3 راہگیر زخمی ہوئے جبکہ کئی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے۔میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے انسانی حقوق کی تنظیم جموںوکشمیرکولیشن آف سول سوسائٹی اور دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی کی حالیہ رپورٹ جس میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوںنہتے کشمیری عوام پر بدترین ظلم و تشددکی نشاندہی کی گئی ہے کو انصاف پسند اور انسانی اقدار پر یقین رکھنے ممالک کیلئے چشم کشا قرار دیا ہے۔
نیو یارک(آن لائن+ آئی این پی)پاکستان نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھا تے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یہ بات سلامتی کونسل میں’ تنازعات میں عام شہریوں کا تحفظ ‘کے عنوان سے ہونے والے مباحثے سے خطاب میں بھارتی جبر کے ثبوت پیش کئے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام مروجہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پامالی کی ہے۔ بھارتی مظالم کو اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر اور دیگر اداروں نے بھی قلمبند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں رائج کالے قوانین کی آڑ میں بھارتی افواج نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔مقبوضہ علاقوں میں سلامتی کونسل کی ناکامی کی قیمت معصوم لوگوں کو اپنی جان سے چکانی پڑ رہی ہے۔