• news

ڈالر مزید 80 پیسے، سونا 500 روپے تولہ سستا، سٹاک مارکٹ میں تیزی

لاہور، کراچی (کامرس رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، آن لائن)کرنسی مارکیٹ میں روپیہ مزید مستحکم ہو گیا ہے گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 54 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 80 پیسے کم ہو گئی ہے۔انٹر بینک مارکیٹ میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 151 روپے 63 پیسے تک سے فروخت ہوا تاہم کلوزنگ کے قریب ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری اوقات کے خاتمے پر ڈالر کی قدر 54 پیسے کی کمی سے 150 روپے 91 پیسے رہی تاہم یورو کی قدر 12 پیسے کے اضافے سے 168 روپے 83 پیسے ہو گئی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قدر ایک پیسے کی کمی کے بعد 191 روپے 19 پیسے رہ گئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق کاروباری اوقات کے خاتمے پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 80 پیسے کی کمی سے 151 روپے 70 پیسے رہی یورو کی قیمت فروخت ایک روپے کی کمی سے 170 روپے ہو گئی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت فروخت 194 روپے برقرار رہی۔ دوسری طرف پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی کاروبار حصص میںتیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس122.47پوائنٹس اضافے سے35703.81 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا،تیزی کے باوجود کاروباری حجم جمعرات کی نسبت37.62فیصدکم رہا۔ مارکیٹ سرمایہ میںمزید4ارب33کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ہوا۔ملکی شیئرز مارکیٹ میں جمعہ کوفروخت کے دبائو اورپرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 35434پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا لیکن بعدازاںحکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،سیمنٹ،توانائی،فوڈز،کیمیکلزاور دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 35767پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا بعد میں اتارچڑھائوکے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکالیکن تیزی برقرار رہی اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس122.47پوائنٹس اضافے سے35703.81 پوائنٹس پر بندہوا۔دوسری طرف سونے کی قیمت 500 روپے کمی فی تولہ 70 ہزار 400 روپے کی سطح پر پہنچ گئی بین الاقوامی مارکیٹ میں جمعے کے روز فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کے اضافے سے 1282 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 428 روپے کی کمی واقع ہوئی فی توجہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تباہی کے 870 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 745 روپے 88 پیسے پر مستحکم رہی۔

ای پیپر-دی نیشن