ماہ صیام کا تیسرا جمعہ، مساجد میں غیر معمولی رش، سکیورٹی سخت
لاہور(خصوصی نامہ نگار)ملک بھر میں رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں جمعۃ المبارک کے موقع پرمساجد میں نمازیوں کا غیرمعمولی رش رہا، علماء نے رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کی مناسبت سے خطبات جمعہ دئیے ۔صوبائی دارالحکومت میں نمازجمعہ کے بڑے اجتماعات مسجد حضرت داتا گنج بخشؒ، بادشاہی مسجد، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، مسجد وزیرخان، مسجد شہداء ، جامع مسجد منصورہ اور دیگر بڑے دینی اداروں اور مزارات پر ہوئے جہاں نمازیوں کی غیرمعمولی تعداد نے جمعہ کی نمازباجماعت ادا کی۔مساجد کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے۔ ملک بھر میں کل 20رمضان المبارک سے شروع ہونیوالے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں منہاج القرآن کے شہر اعتکاف ، جامع مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد، مرکز القادسیہ، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامعہ مسجد دالگراں، مسجد وزیرخان میں اعتکاف کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات ہیں ، بعض اداروں میں خواتین کے اعتکاف کیلئے علیحدہ باپردہ انتظام کیاگیا ہے۔ یادرہے اعتکاف کے دوران دہشت گردی کی موجودہ لہر کے باعث امسال معتکفین کی پولیس اور دیگر اداروں نے خوب چھان پھٹک کی ہے۔