بھارتی گجرات: کوچنگ سنٹر میں آگ لگنے سے 19 طلبا ہلاک‘ متعدد جھلس گئے
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ)بھارتی ریاست گجرات کے علاقے سورت میں کوچنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 19 طلبہ ہلاک اور اور متعدد زخمی ہوگئے۔ہندوستان ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق سورت پولیس کمیشنر ستائش کمار مہشرا نے بتایا کہ ’کوچنگ سینٹر کی چوتھی منزل پر آگ بھڑک اٹھی اور چند ساعتوں میں پورے فلور پر پھیل گئی‘۔انہوں نے بتایا کہ طلبہ نے بلڈنگ کی چوتھی اور تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچانے کی کوشش کی تاہم اس میں متعدد زخمی بھی ہوئے‘۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دکھاجا سکتا ہے کہ بلڈنگ سے آگ کے خوفناک شعلے بلند ہورہے ہیں جبکہ تقریباً 10 نوجوانوں نے بلڈنگ سے چھلانگ لگائی اور کئی دیگر دیوار سے لٹکے ہوئے تھے۔واقعہ پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کیا اور گجرات کے حکام سے زخمیوں کی ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا ظاہر کی۔18 فائرفائٹرز کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔دوسری جانب گجرات کے وزیراعلیٰ وجے روپانی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔انہوں نے ہلاک شدگان کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے لواحقین کو عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’سورت میں لگنے والی آگ کے نقصان سے دلبرداشتہ ہوں تاہم میری نیک تمنائیں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں اور دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوجائیں‘۔ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر کے ریاستی وزیر نے کہا کہ کوچنگ سینٹر میں فائر سیفٹی کے اقدامات ناقص تھے تاہم واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیے جائیں گے۔