اسلام آباد: بیورو کریٹس کا تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیلئے مظاہرہ
اسلام آباد(این این آئی) بیورو کریٹس نے تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیلئے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی الائونس ، فیڈرل سیکرٹریٹ الائونس میں اضافہ اور گھر کی ہائرنگ کو تنخواہ کا حصہ بنایا جائے ،اگر مطالبات کو بجٹ میں شامل نہ کیا گیا تو قلم چھوڑ احتجاج کرینگے۔جمعہ کو آفس مینجمنٹ اور سیکرٹریٹ گروپ کے افسران نے وزارت خزانہ کے سامنے احتجاج کیا جس میں گریڈ 17 سے 19 کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افسران نے اپنے مطالبات کی فہرست مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو پیش کی۔مظاہرین پلے کارڈ اٹھائے ’’ون سکیل ون پے‘‘کے نعرے لگاتے رہے۔افسران نے کہاکہ 50 ہزار کی تنخواہ میں گزارا کرنا مشکل ہے۔انہوںنے کہاکہ یو ٹیلیٹی الائوئنس،فیڈرل سیکرٹریٹ الاوئنس میں اضافہ اور گھر کی ہائرنگ کو تنخواہ کا حصہ بنایا جائے۔مظاہرین نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مطالبات کو شامل کیا جائے۔ مظاہرین نے کہاکہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔مظاہرین نے کہاکہ اگر مطالبات کو بجٹ میں شامل نہ کیا گیا تو قلم چھوڑ احتجاج کرینگے۔