کیس کے تمام حقائق بدل دیئے ،ہائیکورٹ کا فیصلہ شرمندگی کا باعث ہے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے سی بی آ ر کے سابق ڈائریکٹر کسٹم مظہر انور نورانی کے بریت کے خلاف نیب کی اپیل منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ، چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں حقائق ہی غلط لکھ دئیے ہیں اس لئے ایسے فیصلے کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا ، چیف ہائیکورٹ نے آ مدن سے زائد اثاثوں کے کیس کو اختیارات کے غلط استعمال کا کیس لکھ دیا ،براہ راست سپریم کورٹ نے حقائق پر فیصلہ دیا تو فریقین کا ایک فورم ختم ہو جائے گا۔ عدالت نے قراردیاکہ ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے ولی رحمان کیس کے فیصلے کی غلط تشریح کی ، متذکرہ کیس میں ہائیکورٹ فیصلے کا نکتہ نظر واضح نہیں اس لئے ہائیکورٹ کا فیصلہ شرمندگی کا باعث ہے ، عدالت نے قراردیاکہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کیس کے حقائق ہی بدل دئیے اس لئے ہائیکورٹ تمام حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرے ، عدالت نے قراردیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملزم مظہر انور ضمانت پر رہے گا۔