• news

اپوزیشن کا گٹھ جوڑ مفادات کے تحفظ، کرپشن چھپانے کیلئے ہے عثمان: بزدار

لاہور(نیورزپورٹر) وزیر اعلی عثمان بزدار سے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہے۔ غیر فطری اتحاد کی داغ بیل اپوزیشن رہنماؤں نے کرپشن کے’’داغ‘‘چھپانے کے لئے ڈالی ہے۔22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔ ماضی میں قومی وسائل بے دردی سے لوٹنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے آشکارہو چکے ہیں اورلوٹ مار کا دور قصہ پارینہ بن چکا ہے۔اب قومی وسائل ایمانداری کے ساتھ عوام پر خرچ ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے یہ اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گندم خریداری کا ٹارگٹ حاصل کرنے اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ عثمان بزدار سے اقلیتی طلبا و طالبات نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اقلیتی طلبا و طالبات میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے۔ نیا پاکستان نئی امیدوں اور امنگوں کا ترجمان ہے اور پاکستان کے باصلاحیت طلبا و طالبات نے تبدیلی کے سفر میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔باصلاحیت اور ہونہار طلبا و طالبات پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ طلبا و طالبات اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے بروئے کار لائیں۔ ان شاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان وہ سفر مکمل کرے گا جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا۔ عثمان بزدار سے علماء کرام نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے علماء کرام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ علماء کرام نے انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مرض کی موجودگی تشویشناک امر ہے۔ عثمان بزدارنے راولپنڈی کے علاقے نانک پورہ میں خواتین پر فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی اوراولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن