نیب کسی افسر کو گرفتار کرنے سے پہلے سوالنامہ بھیجنے کا پابند ہوگا: چیف سیکرٹری پنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے جائیں اور موسم کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر تمام محکمے الر ٹ رہیں۔یہ ہدایت انہوں نے پراونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) آفس کے دورہ کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، بہتر منصوبہ بندی اور مربوط کوششوں سے سیلاب جیسی قدرتی آفت سے موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اضلاع میں کشتیوں اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور موسم کی صورتحال کی موثر مانیٹرنگ کے لئے صوبائی اور وفاقی محکموں کے مابین رابطہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے، بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں کی پیشگی معلومات پر بروقت حفاطتی اقدامات کئے جا ئیں۔ تمام مشینری اور واٹر پمپس کو چالو حالت میں رکھا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور میں مرکزی فلڈ وارننگ کنٹرول روم نے کام شروع کر دیا ہے اور ضلعی کنٹرول روم روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا مرکزی کنٹرول روم کو بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ڈیمانڈ کے مطابق تمام اضلاع کو کشتیاں،امدادی اشیاء اور دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
لاہور(آئی این پی)چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم نے کہا ہے کہ نیب اور بیوروکریسی کے مابین ہم آہنگی کیلئے 3 رکنی رابطہ کمیٹی قائم کی ہے،نیب کرپشن کے کسی کیس میں افسرکوگرفتارکرنے سے پہلے نیب سوالنامہ بھیجنے کا پابند ہوگا،بیوروکریسی کی رابطہ کمیٹی نیب کی تفتیش میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ہفتہ کو چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیوروکریسی میں نیب کا کوئی خوف نہیں،افسر قانون کے تحت کام کررہے ہیں،نیب اور بیوروکریسی کے مابین ہم آہنگی کیلئے 3 رکنی رابطہ کمیٹی قائم کی ہے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی میں پی اینڈ ڈی اورخزانہ کے سیکریٹریزممبر ہیں۔بیوروکریسی کی رابطہ کمیٹی نیب کی تفتیش میں ہر ممکن تعاون کرے گی،جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کیلئے حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کی ہیں،اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے،اکتوبر یا نومبر میں اورنج لائن ٹرین چلنا شروع ہوجائے گی۔