وزیراعظم کا بغیر پروٹوکول سرگودھا، خوشاب، ہسپتال، تھانہ تلہ گنگ کا دورہ
سرگودھا +اسلام آباد (نامہ نگار+صباح نیوز + نوائے وقت نیوز+ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے مقامی سطح پر فراہم کی جانے طوالی تمام سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف سرکاری ہسپتالوں اور تھانے کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مقامی سطح پر عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم ملک بھر میں کہیں بھی اچانک دورے کریں گے۔ اس دوران وہ ہسپتالوں، اسکولوں، تھانوں، پناہ گاہوں اور مختلف منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم مختلف شہروں میں جائیں گے اور عوام سے ملیں گے جبکہ وہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیں گے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے پہلا دورہ سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا کیا جہاں وہ بغیر پروٹوکول پہنچے۔ وزیراعظم کو دیکھ کر ہسپتال میں موجود لوگ حیران ہو گئے اور ان کے لیے نعرے لگائے اپنے اچانک دورے کے دوران وزیراعظم نے مریضوں کی تیمارداری کی اور ہسپتال میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے براہ راست مریضوں سے سہولتوں سے متعلق پوچھا جبکہ مریضوں سے علاج و معالجے کا بھی دریافت کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹرز کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ لوگوں نے وزیراعظم کے اچانک دور پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم ڈی ایچ کیو ہسپتال خوشاب پہنچے، یہاں بھی وزیراعظم نے ہسپتال کا معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولتوں سے متعلق پوچھا۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے ایم ایس سے پوچھا کہ یہ ہسپتال نیا لگ رہا ہے کب کھلا؟ جس پر ایم ایس نے بتایا کہ یہ ہسپتال 3 ماہ پہلے کھلا، 125 بیڈ پر مشتمل ہے تاہم اوورلوڈنگ کی وجہ سے200 بیڈز تک انتظام کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بچوں کے وارڈز کا بھی دورہ کیا جہاں نرس نے بچوں کے وارڈز میں سہولتوں کی عدم دستیابی کی شکایت کر دی۔ نرس کا کہنا تھا کہ ہمیں 3 سے 4 بچے ایک بیڈ پر لانا پڑتے ہیں۔ اوورلوڈنگ کے باعث مریضوں کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے ایک بیڈ پر 4، 4 بچوں کو دیکھ کر اظہار برہمی کیا۔ وزیراعظم نے مشیر برائے قومی صحت کو فوری طور پر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت بھی کی۔ ہسپتالوں کے بعد وزیراعظم تلہ گنگ تھانے پہنچ گئے جہاں انہوں نے پولیس افسران کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو تھانے میں خوف نہ ہو تو نیا پاکستان بنے گا۔ چاہتا ہوں لوگ سمجھیں کہ پولیس سٹیشن تحفظ کیلئے ہے۔وزیراعظم نے سٹی تھانہ تلہ گنگ میں کھڑی گاڑیوں کے استعمال کے بارے میں سوال کیا۔ روزنامچہ چیک کیا اور قیدیوں سے ان کے جرائم کے بارے میں دریافت کیا۔