ورلڈکپ وارم اپ میچز پاکستان، بنگلہ دیش آج مدمقابل
لاہور(نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم دوسرا وار م اپ میچ آج بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی ۔ وارم اپ میچز کا مرحلہ 5 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگا اس کے بعد ورلڈ کپ 2019ء کا باضابطہ آغاز 30 مئی سے ہوگا،قومی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ وارم اپ مرحلے میں 26 مئی کو کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور یہ میچ کارڈف میں کھیلا جائیگا جو دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں برسٹل میں مدمقابل ہونگی۔یہ میچ بھی دن اڑھائی بجے کھیلا جائے گا۔ 27 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ اسی روز دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی۔ وارم اپ مرحلے کے آخری روز 28 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ اسی روز کا دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا آخری میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 3 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہی ہوگا۔پاکستان کا تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹل میں جبکہ چوتھا میچ 12جون کو آسٹریلیا کے خلاف ٹانٹن میں ہوگا۔ایونٹ کے اہم ترین میچ میں 16جون کو پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے اور یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹرفرڈ میں کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم کا چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر ہوگا اور ساتواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 26 جون کو ایجبسٹن میں منعقد ہوگا۔پاکستان کا آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان جبکہ نواں میچ 5 جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز میں ہوگا۔