• news

جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور ہو سکتی ہے تو سندھ کی کیوں نہیں: فاروق ستار

کراچی( آن لائن ) ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم سندھ میں نئے انتظامی یونٹ کیلئے طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اتوار کو تنظیم بحالی اور میری جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے، آفاق احمد اور مصطفی کمال کو بھی دعوت دی ہے، میری خواہش ہے کہ جنہیں مدعو کیا ہے وہ ضرور تشریف لائیں،نا مجھے پی ایس پی اور نا ہی نام نہاد ایم کیو ایم پاکستان والوں نے افطار پارٹی میں دعوت دی، میں اس چیز کا گلہ نہیں کررہا کہ مجھے کیوں نہیں بلایا۔فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کام سیاست اور میرا امن کا پیغام پہنچانا ہے، پاکستان کے بہتر مفاد میں انتظامی یونٹ بنانا ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی سندھ صوبہ نہ بنانے کا شہریوں کو ٹکہ سا جواب دیا ہے۔ عمران خان کا یہ جواب ایم کیو ایم پاکستان کو منظور ہو سکتا ہے لیکن ہمیں نہیں، اگر جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور ہو سکتی ہے تو سندھ میں انتظامی یونٹ پر بات کیوں نہیں ہو سکتی۔ ہم ملک میں اور سندھ میں نئے انتظامی یونٹ کیلئے طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ہم معاملات افہام و تفہیم سے سلجھانا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن