اقلیتوں کا بھروسہ جیت کر فرضی خوف کا خاتمہ چاہتا ہوں: مودی
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اتحاد کے تمام نو منتخب قانون سازوں پر اقلیتوں کے دماغ میں بیٹھے فرضی خوف کے خاتمے پر زور دیا ہے ہندوستان ٹائمز کے مطابق پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس این ڈی اے کے نو منتخب قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہمیں اپنی اقلیتوں کا بھروسہ جیتنا ہے۔ اقلیت ایک فرضی خوف میں ہیں اور یہ خوف انہوں نے پیدا کیا جو ووٹ بینک کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کیلئے سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔ ادھر کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست فاش پر پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں استعفیٰ پیش کر دیا۔ بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں موجود اہم رہنماؤں سونیا گاندھی، من موہن سنگھ، امریندر سنگھ، غلام نبی آزاد شیلا ڈکشٹ سمیت تمام ہی ارکان نے راہول گاندھی کے فیصلے کو مسترد کر دیا جس پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے استعفیٰ نامنظور کر دیا۔ بھارتی وزیراعظم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا بھارتی صدر رانا ناتھ کوویند نے کابینہ اراکین کے استعفے قبول کرلئے مودی کو کام جاری رکھنے کی درخواست کی ہے۔