گھریلو جھگڑے، 7 خودکشیاں، گوالمنڈی میں نوجوان نے زندگی کا خاتمہ کرلیا
لاہور، نارنگ منڈی، ساہیوال، پیر محل، ننکانہ صاحب، گجرات (نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگاران، صباح نیوز) گوالمنڈی کے علاقہ میں 22سالہ نوجوان نے گھریلو حالات سے تنگ آکر خودکشی کرلی،پولیس نے نعش مردہ خانے جمع کرواکرقانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ گوالمنڈی کے علاقہ چیمبر لائن کے رہائشی ارسلان نے معاشی حالات سے تنگ آکر گلے میں پھندہ ڈالر کر زندگی کا خاتمہ کرلیا،اطلاع ملنے پر پولیس نے شواہد اکھٹے کرتے ہوئے نعش مردہ خانے جمع کروادی۔نارنگ منڈی کے نواحی علاقہ کالا خطائی میں شادی شدہ خاتون نے گھریلو جھگڑے پر تیزاب پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ متوفیہ کا اپنے خاوند محمد شفیق سے کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ ساہیوال کے نواح میں گھریلو تنا زعہ پر تین لڑ کیوں نے زہر پی کر خود کشی کر لی تینوں جاں بحق۔عارف والہ کے محمد اقبال کی17سالہ بیٹی رانی اور ماموں کانجن کے شاہد محمود کی 30سالہ بیٹی بخت بی بی گھریلو تنازعات کے بعد ساہیوال اپنے چچا اور نانا کے پاس آئی ہوئی تھیںکہ دونوں کو انکے والدین واپس لینے آئے تو دونوں لڑکیوں رانی اور بخت بی بی نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گو لیاںکھا لیں جس سے وہ بے ہوش ہو گئیں ۔دونوں کو ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں میڈیکل وارڈ میں دم توڑ گئیں۔دریں اثناء داداوال کالونی میں غلام عباس کی35سالہ بیٹی شازیہ نے والدین سے جھگڑ کر زہریلی زرعی دوا کھا لی جس سے بے ہوش ہو گئی جسے سول ہسپتال ساہیوال لایا گیاجہاں وہ دم توڑ گئی۔ پیرمحل میں شادی شدہ شخص نے کالا پتھر پی کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ تفصیل کے مطابق درکھانہ روڈ پر واقع گائوں 675/16 گ ب میں شادی شدہ شخص محمد عباس عرف ٹیڈی نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر کالا پتھر پی کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ متوفی 5 بچوں کا باپ تھا۔ ننکانہ صاحب میں گھریلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہوکر نوجوان نے زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کی کوشش واربرٹن گائوں کے 29 سالہ نوجوان علی نے گھریلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہوکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کیلئے زہریلی گولیاں نگل لیں جس کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں گجرات تھانہ دولت نگر کے گائوں چھوکر میں تین بچوں کے ساٹھ سالہ باپ محمد اسلم کی خودکشی، پولیس تھانہ دولت نگر اور کرائم سین یونٹ بھی موقع پر پہنچ گئے اور مزید معلومات کیلئے تفتیش شروع کردی۔