برٹش ائر ویز کی پروازوں کے سکیورٹی خدشات دور کر دیئے: غلام سرور
راولپنڈی( آن لائن ) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں برطانوی ایئرلائن 'برٹش ایئر ویز' کی پروازوں کی آمد سے قبل ان کے سیکیورٹی خدشات دور کردیے گئے۔اسمبلی چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے فنل ایریا کو 10 کلومیٹر سے بڑھا کر 20 کلومیٹر کردیا گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوپن اسکائی پالیسی سے خسارے کے باعث پاکستان نے مختلف ایئرلائنز کے ساتھ 98 معاہدوں پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیاروں کی کمی کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پی آئی اے کے 4 سو 16 ارب کے خسارے کو کم کرنے کے لیے مثبت طریقے سے کام کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برٹش ایئر ویز 11 سال بعد 3 جون سے ہفتہ وار 3 پروازیں چلائے گی۔برٹش ایئرویز نے ستمبر 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان میں اپنی پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔