عمران خان اپنے منصب کا غلط استعمال کر رہے ہیں:سعید غنی
کراچی (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم کے منصب کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ایک بیان میں وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کے شوکت خانم ٹرسٹ سے مالی مفادات وابستہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقرار کیا کہ ماضی کے مقابلے میں زیادہ چندہ ملا ہے، شوکت خانم ٹرسٹ کے چندے میں خورد برد کے قصے عام ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اپنے ادارے شوکت خانم ٹرسٹ کے لیے چندہ مانگنا ان کے منصب کا ناجائز استعمال ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز دورہ کراچی کے موقع پر وزیرا عظم عمران خان نے شوکت خانم ہسپتا ل کے لیے فنڈز جمع کرنے کی تقریب سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے ہسپتا ل کے لیے ہر سال پچھلے سال سے زیادہ فنڈز جمع ہوئے۔