شیخ رشید سندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ سے زیادہ ریلوے پر توجہ دیں،مرتضیٰ وہاب
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعا ت ، قا نون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید سندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ سے زیادہ ریلوے پر توجہ دیں، حکومت سندھ نے ایڈز کنٹرول کے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے ریلوے کے محکمہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں ایڈز کے شوشہ کو چھیڑنا اپنی ناکامی کو چھپانا ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کو چلانا شیخ رشید کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ریلوے کے خسارہ سے منہ چھپانے کے لیے شیخ رشید سندھ حکومت پر تنقید کررہے ہیں اور سرکلر ریلوے کو چلانے کے لیے شیخ رشید نے ہاتھ اٹھا دیئے ہیں۔ مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا ہے کہ ریلوے کے وزیر کی صوبائی محکمہ صحت پر تنقید سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شیخ رشید کے ماضی اور زبان سے بچہ بچہ واقف ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے ہر حکومت میں اپنی زبان سے کاسہ لیسی کی ہے اور سرکلر ریلوے کو چلانے میں ناکامی پر شیخ رشید سندھ حکومت پر برس رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ سندھ کے ریوینیو سے پلنے والے آج سندھ کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شیخ رشید کی بدزبانی پر کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے جیسا ہے۔