خطے میں امن کیلئے بھارت سے مذاکرات پر تیار ہیں: شاہ محمود
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نئی بھارتی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں کیونکہ خطے میں قیام امن کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔ اس وقت سب سے سلگتا ہوا مسئلہ مسئلہ کشمیر ہے۔ تجارت ان کی ترجیح ہو سکتی ہے ہماری ترجیح کشمیر ہے۔ ایک بیان اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ افغانستان خطے میں اہم ملک ہے افغانستان میں قیام امن سے علاقائی استحکام کی راہ ہمار ہو گی۔ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تشویش ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ نئے صوبے کے معاملے پر تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔