پاکستان افغانستان میں سیکورٹی مذاکرات کل اسلام آباد میں ہونگے
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ سطحی سیکورٹی مذاکرات (کل)منگل کو اسلام آباد میں ہونگے۔مذاکرات کیلئے افغانستان کے وفد کی قیادت نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر حمد اللہ محب کرینگے جس میں وزیر داخلہ مسعود اندرابی اور دیگر سکیورٹی حکام شامل ہونگے۔ مذاکرات پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ رابطوں میں تقریباً آٹھ ماہ کے تعطل کے بعد ہونگے ۔ پاکستان کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے علماء کی مشترکہ کانفرنس کی کوششوں کے باوجود افغانستان نے پاکستان کے ساتھ اس بنیاد پر مذاکرات سے انکار کیاتھا کہ پاکستان نے علماء کانفرنس منعقد کر نے میں تعاون نہیں کیا لیکن پاکستانی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایاکہ پاکستان نے کئی مرتبہ صدراشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ کو مشترکہ علماء کانفرنس منعقد کر انے کیلئے مختلف تجاویزاور ممکنہ مشترکہ اعلامیہ کا مسودہ بھی بھیجا تھا تاہم افغانستان نے اس کا جواب نہیں دیا ہے ۔پانچ مئی کو صدراشرف غنی اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک بات چیت کے بعد مذاکرات کا سلسلہ بحال ہونے جارہاہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ افغان سیکورٹی حکام کو دورے کی دعوت پاکستانی سکیورٹی حکام نے دی ہے اور مذاکرات میں دہشتگردی کے خلاف تعاون اورامن مذاکرات میں پاکستان کے کر دار کے بارے میں گفتگو کی جائیگی ۔سفارتی ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ صدر اشرف غنی کا دورہ پاکستان بھی جون کے آخر میں متوقع ہے۔ دریں اثناء پاکستان میں افغانستان کے سفیر عاطف مشعال نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین کے نمائندوں اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور بہت جلد دونوں ممالک کے درمیان دو طر فہ مذاکرات میں تیزی آئیگی۔