• news

شیخ رشید سے ملاقات ، کرپشن کرنیوالوں کا مستقبل تاریک ہے: عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباء پروری کے کلچر کو فروغ دیا۔ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا،جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کرپشن کے ناسورنے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا۔ملک کو مقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کادعویٰ کرسکتے ہیں۔کرپشن کرنے والوں کامستقبل تاریک ہوچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کاسفرمیں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔نئے پاکستان میں ہرعلاقے کویکساں ترقی دیں گے اور ماضی کی طرح مخصوص شہروں کیلئے وسائل مختص نہیں کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے، اسے ہر قیمت پرپورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے کئے گئے فیصلوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔سمت درست اور نیت نیک ہے۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ دریں اثناء حکومت پنجاب نے جرمانہ، دیت وغیرہ ادا کرنے کی مالی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ذاتی دلچسپی سے پنجاب کی جیلوں میں بند 657 نادار اورمفلس قیدی رہائی پاکر اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں سے جرمانوں وغیر ہ کے عدم ادائیگی کی وجہ سے بند قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کردیاگیاہے۔ صوبہ بھر کی جیلوں میں 657 قیدی جرمانہ،دیت وغیرہ ادا نہ کرنے کے باعث جیل کاٹنے پر مجبور تھے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فوری اقدامات شروع کیے اورمخیر حضرات کی طرف سے 3کروڑ82لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا اہتمام کیا گیا اور514 قیدیوں کو رہا کردیاگیا۔ مزید 143قیدیوں کو عید سے قبل22کروڑ30 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرکے رہاکردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ او رپرامن فضا کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اوراس مقصد کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن