فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر ویب سائٹ لانچ کردی، چاند آنکھ سے دیکھنا ضروری ہے: ممبر اسلامی نظریہ کونسل
لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ)وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مختلف محکموں نے مل کر چاند دیکھنے کی پہلی ویب سائٹ بنا دی ہے اور میری ذاتی رائے ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے لیے کیلنڈر ترتیب دے دیا ہے اور رواں برس عید الفطر 5 جون کو منائی جائے گی۔ انہوں نے اگلے سال تک کے لیے عیدوں کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 سالہ قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل اب تک ہمارے کام سے مطمئن ہے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ قمری کلینڈر کو منگل 28 مئی کو وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔فواد چودھری کا کہنا ہے کہ علماء کو اب پاپڑ بیلنا نہیں پڑیں گے، عیدالفطر 5 جون کو ہوگی۔ رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں۔ چیئرمین نیب کے معاملے سے نیب اور احتساب کے عمل کو نقصان پہنچا، معاملے پر پارٹی کے کور گروپ کی میٹنگ ہے اس کے بعد ہی مؤقف دیا جاسکے گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے چاند دیکھنے والی پہلی سرکاری ویب سائٹ اور قمری کیلنڈر کے آغاز کا اعلان کردیا۔ یہ قمری کیلنڈر اگلے دس سال کی تاریخوں کا تعین کرے گا۔ فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر شخص ویب سائٹ پر پاکستان میں چاند کی صورت حال کے بارے جان سکے گا جبکہ ویب سائٹ میں ہجری کیلنڈر بھی ڈال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر سے ویب سائٹ کی ایپ بھی شروع کر دی جائے گی جو پلے اسٹور پر موجود ہو گی اور وہاں سے ڈائون لوڈ کی جاسکے گی۔ متحدہ عرب امارات میں رویت ہلال کمیٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی مل کر کام کر رہے تھے لیکن اب وہاں بھی رویت کمیٹی کو ختم کیا جا رہا ہے۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے نیب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین نیب کے اسکینڈل سے احتساب کے عمل کو نقصان پہنچا ہے۔ تاہم اس پر اسمبلی میں بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)احتساب کا وعدہ پورا نہیں کر سکی ہے کیونکہ جس طرح لوٹا ہوا پیسہ واپس آنا چاہیے تھا وہ نہیں ہو سکا جبکہ شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر لوگ ہم پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے نجی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے تفصیلی کیلنڈر بھیجا ہے جس پر تحقیق کی جا رہی ہے جبکہ ہم اس معاملے پر تمام علمائے کرام سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو انتظار کرنا چاہیے تھا، آنکھ کے ذریعے چاند دیکھنا بہت ضروری ہے جبکہ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان رویت کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔ دریں اثناء ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ وفاقی وزیر بن کر بور ہو رہے ہیں اور مستقبل میں وزیراعلیٰ بننا چاہیں گے،ٹیکنوکریٹس کی ٹیم بھی اگر کارکردگی نہیں دکھاتی تو برانڈ عمران خان کو نقصان ہو گا،مریم نواز اور بلاول دونوں کے پاس بیانیہ نہیں ،پا س تحریک چلانے کے لیے اخلاقی حیثیت نہیں یہ سارے چور اکٹھے ہوئے ہیں ۔ کابینہ میں تبدیلی سے برانڈ تحریک انصاف کو نقصان ہوا ہے، ٹیکنوکریٹس کی ٹیم بھی اگر کارکردگی نہیں دکھاتی تو برانڈ عمران خان کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو معاشی طور پر اب تک جو کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا، عمران خان نے چوتھے دن اجلاس میں اسدعمر کو معاشی شعبے میں بہتری نہ لانے کی صورت میں بتا دیا تھا کہ اس کا نتیجہ کیا ہو گا اور پھر وہی ہوا۔دریں اثناء اسلامی نظریہ کونسل کے رکن قاری عبدالرشید نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا بنایا گیا قمری کیلنڈر کونسل کو موصول ہو گیا ہے۔ اسلامی نظریہ کونسل کا اجلاس جلد بلا کر قمری کیلنڈر پر غور کیا جائے گا۔ قاری عبدالرشید کوئٹہ میں نجی ٹی وی سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چاند کی رویت کیلئے چاند کو آنکھ سے دیکھنا ضروری ہے۔ قمری کیلنڈر میں چاند کی عمر تو بتائی جا سکتی ہے مگر رویت نہیں۔ قاری عبدالرشید نے کہا کہ اسلامی نظریہ کونسل کے اجلاس میں قمری کیلنڈر پر غور کیا جائے گا اور اس حوالے سے سفارشات مرتب کرکے حکومت کو ارسال کر دی جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں قاری عبدالرشید نے کہا کہ ملک میں ایک دن عیدمنانے کیلئے نجی رویت ہلال کمیٹیاں ختم کرنا ہوں گی۔سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد احمد چودھری نے کہا ہے کہ شریعت کے مطابق چاند دیکھ کر روزہ اور عید پر زور دینے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایسے دلائل دینے والے ماضی میں ٹرین کے سفر اور لائوڈ سپیکر کے استعمال کو بھی حرام قرارد ے چکے ہیں۔ راشد نصر اللہ نامی ٹویٹر صارف نے اپنے ٹیوٹ میں کہا تھا کہ چاند دیکھ کر روزہ اور عید کرنا ہمارے نبی ﷺ کا حکم ہے۔ ہم نبیﷺ کی سنت کے مقابلے میں دنیا کی سائنس اور ٹیکنالوجی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ اس کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ اللہ اور اس کا رسول رموز کائنات کے بارے میں غور و فکر کرنے اور جدید علوم سیکھنے اور سمجھنے کا حکم دیتے ہیں۔ اسی طرح کے دلائل پرنٹنگ پریس کو دو سو سال قبل ممنوع قرار دینے کے لئے بھی دئیے گئے۔ ایسے دلائل دینے والے ماضی میں ٹرین کے سفر اور لائوڈ سپیکر کے استعمال کو بھی حرام قرار دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا یہ ممکن ہی نہیں مسلمانوں کو تحقیق اور جدید علوم سے محرومیت کی ترغیب دی جائے۔ مجھے تو یہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک سازش لگتی ہے۔