احتجاج سیاسی لوگوں کا حق ہے:بلاول، حقائق پارلیمنٹ کے سامنے آنے چاہئیں:شہباز شریف
اسلام آباد، لاہور، لاڑکانہ (وقائع نگار خصوصی، ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خاڑ کمر میں اندوہناک واقعہ پر اظہار افسو س کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام حقائق پارلیمان کے سامنے آنے چاہیں، واقعہ پر سیاست قومی جرم ہوگا۔ شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر پیش آنے والے واقعے پر شہباز شریف نے کہا کہ تمام محبان وطن صورتحال کی نزاکت دیکھتے ہوئے فوری اپنا کردا ر ادا کریں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی شہداکے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرجمیل دے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا ہے، سیاسی رہنمائی میں مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے، بندوقوں سے مسئلے حل نہیں ہوسکتے،خدارا پاکستان کے لیے اختلاف رائے کو دشمنی نہ بنایا جائے، اپنے گھر میں لڑائی، فساد اور افراتفری کا دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے واقعے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری دنیا میں لوگوں کو احتجاج کا حق حاصل ہے، انہیں اس سے روکنا اشتعال اور شدت کو جنم دیتا ہے، حکومت اور ریاستی قوت آئین اور قانون سے بالاتر نہیں، عوام سے صبر و تحمل اور پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہیں ۔حکومت لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے،آج عام آدمی ریاست اور حکومت کے ہاتھوں خود کو غیر محفوظ تصور کرتاہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ نہیں سمجھتا محسن داوڑ سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کرسکتے ہیں، اگر کہیں پر تشدد واقعہ ہوا ہے تو ہم مذمت کرتے ہیں ،احتجاج کرنا سیاسی لوگوں کا حق ہے، ان پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہیے۔ لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شمالی وزیرستان جیسے علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاستدانوں سے مکالمہ نہیں کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی جان قیمتی اور اس کا خون مقدس ہے، حقائق قوم کے سامنے آنے چاہئیں۔ محبت، امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقتور ہے کیا ہم احتجاج کچلنے اور آوازیں دبانے کی بہت بھاری قیمت ادا نہیں کرچکے؟ پاکستان اندرونی طور پر کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سوہدرہ سے این پی اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ حکومت تدبر سے کام لیتے ہوئے جمہوریت کیلئے برداشت کا کلچر اپنائے۔ سیاسی محاذ آرائی ملک و قوم کیلئے کبھی بھی نیک شگون نہیں ہوتی۔ ترجمان بلاول بھٹوزرداری سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سیاسی قوتوں پر غداری کے فتوے جاری کرنے سے ملکی سلامتی خطرے میں پڑتی ہے،پیپلز پارٹی وفاق دشمن قوتوں کے سامنے ہمیشہ دیوار بن کر کھڑی رہی ہے، بلاول بھٹو کے بیان پرجس کو اعتراض ہے وہ صحافت چھوڑ کر سیاست میں آجائیں،دفاعی تجزیہ نگار اپنے تجزیے اپنے پاس رکھیں۔ ایک بیان میں مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک کو کیسے جوڑے رکھنا ہے یہ حقیقی عوامی نمائندوں سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔