ایڈز کے مریضوں کے مفت علاج کا اعلان، متنازعہ بیان پر وفاقی وزیر کو برطرف کیا جائے: چیئرمین پی پی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ اور رتوڈیرو میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کیلئے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ماضی میں ایچ آئی وی اور ایڈز کو خطرناک مرض سمجھا جاتا تھا۔ ایڈز اور ایچ آئی وی قابل علاج بیماری ہے۔ انہوں نے کہا لاڑکانہ اور رتو ڈیرو میں ایڈز کی وباء نہیں ہے۔ ایچ آئی وی وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے میڈیا نے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کیا ہے۔ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہیں زندگی بھر مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایچ آئی وی کے علاج کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو انڈومنٹ فنڈ بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ بیماری کی زد میں آنے والوں کیلئے علاج کی سہولت پہنچانی ہوگی تاکہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ معصوم بچوں کے نام اور تصاویر میڈیا پر نشر اور شائع کی گئیں۔ یہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ بلاول بھٹو کاکہنا تھا مذہبی جماعتیں ہوں یا سیاسی‘ ہمیں مل کر ایچ آئی وی کا مقابلہ کرنا ہے۔ کسی نے جان بوجھ کر ایچ آئی وی کو نہیں پھیلایا‘ ہماری کوشش ہے کہ سکریننگ کو اور مؤثر کیا جائے۔ انہوں نے کہا ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے حوالے سے متنازعہ بیان پر وفاقی وزیر کو ہٹایا جائے۔ ایچ آئی وی کا مسئلہ صرف سندھ کا ہیں پورے پاکستان کا ہے۔ متاثرہ بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔