چیئرمین نیب کا معاملہ: توجہ فضول کاموں پر، شجاعت، پارلیمانی کمیٹی نہیں بنائیں گے: فردوس عاشق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی نہیں بنائیں گے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے ادارے کو اپوزیشن متنازعہ بنانا چاہتی ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کے ٹویٹس پر ردعمل میں کہا ہے کہ الزامات لگانے سے کرپشن نہیں چھپ سکتی ۔ فردوس عاشق نے کہا کہ اباجی نے اگر گاڑیوں کے مزے لئے ہیں تو ان کو جواب دینے میں کیا مسئلہ ہے۔ اگر انہوں نے کرپشن نہیں کی تو جواب دینے میں کیا حرج ہے؟ اور اگر کرپشن کی ہے تو پھر سزا بھی بھگتنا ہوگی،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مغل شہنشاہ کی زندگی گزارنے والوں کو آج قانون کا سامنا کرنے میں دقت کیوں ہو رہی ہے؟فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ خوشی ہے کہ آج انہیں کسی ادارے کا احترام تو یاد آیا،ان کے دور میں منتخب لوگ وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے غیر منتخب لوگوں سے سفارش کرواتے تھے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاست میں ماں، بہنوں پر کیچڑ اچھالنے والے آج کس منہ سے عیب پوشی کا درس دے درہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو چیئرمین نیب کے معاملے میں ملوث کرنا ایک گری ہوئی حرکت اور سیاسی بدنیتی ہے۔وزیر اعظم کو مائنس کرنے کے خواہشمند آج خود سسٹم سے مائنس ہو چکے ہیں ، ان کے دور میں منتخب لوگ وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے غیر منتخب لوگوں سے سفارش کرواتے تھے ۔ مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ یچئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کے خلاف سازش کرکے عوام کی توجہ فضول کاموں کی طرف مبذول کروائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کو نشانہ بنا کر نیب کے ادارے کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے اور اسے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ملک کئی بحرانوں کا شکار ہے یہ وہ وقت نہیں کہ کسی قومی ادارے یا اس کے سربراہ کی کردار کشی کی جائے ایسے لغو کاموں پر بیان بازی کا مقابلہ کرنا بھی اس وقت ملک کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔