زرداری، بلاول کی آج نیب پیشی، بنک اکائونٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ چیلنج
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔سینئروکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے دائر کی گئی اپیل میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر ہیں اور سابق صدر پاکستان ہیں، انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور وہ جیل میں بھی رہے ہیں۔ پہلے بھی آصف زرداری من گھڑت اور جھوٹے مقدمات سے بری ہوئے، اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جھوٹے اور من گھڑت جعلی اکاؤنٹس کیس سے آصف زرداری کو الگ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نیب کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکانٹس کی انکوائریز کی گئیں اور مجموعی طور پر 26 انکوائریز اور انویسٹی گیشنز جاری ہیں جن میں 5 انکوائریز اور 3 انویسٹی گیشنز میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔ علاوہ ازیں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آج نیب عدالت اور نیب آفس میںپیش ہوں گے دوسری طرف پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ صدارت کی اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں راجہ پرویز اشرف فریال تالپور نیئر بخاری نوید قمر مصطفیٰ نواز کھوکھر لطیف کھوسہ ہمایوں خان مرتضیٰ وہاب، قیوم سومرو نے شرکت کی اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال وزیرستان میں کشیدگی کے معاملے پر غور کیا گیا افراد زر اور احتساب کے عمل و دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔