پاکستان چین کا آزادانہ تجارت معاہدے کے دوسرے مرحلہ کی جلد تکمیل پر اتفاق
بیجنگ‘ اسلام آباد (کے پی آئی‘ این این آئی) بھارتی وزیراعظم مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطے تبصرہ کرتے ہوئے چین نے کہاہے کہ یہ قابل خیر مقدم اقدام ہے اور چین دونوں ممالک کے لیڈران کو آپسی تنازعات باہمی مذاکرات کے طور حل کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا اس بار مودی نئے سرے سے سرکار میں آرہے ہیں اور اگر دونوں ممالک کے لیڈران نے مذاکرات کی بحالی پر اتفاق کر لیا تو یقینی طور پر یہ خطے کیلئے نیک شگون ہوسکتا ہے ۔ چینی وزرات خارجہ کا کہنا تھا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے حق میں ہے اور چاہتا ہے کہ خطے میںکشیدگی کے بجائے امن کو فروغ مل سکے اور اس سلسلے میں اگر دونوں ممالک چین سے بھی مدد طلب کریں گے تو چین مدد ینے کیلئے تیار ہے۔ علاوہ ازیں چینی نائب صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پاکستان کی وزارت خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے کی جلد تکمیل پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین شراکت داری اور زیادہ مضبوط ہوگی اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ترجمان کے مطابق صدر مملکت سے ملاقات کے علاوہ چینی نائب صدر نے وزیراعظم اور دیگر پاکستانی رہنماؤں سے تفصیلی مذاکرات کئے۔ ترجمان کے مطابق دونوں ممالک نے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تفصیلی بات چیت کی۔ ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے خصوصی اقتصادی زونز پر جلد پیشرفت پر اتفاق کیا گیا۔ پاک چین شراکت داری، علاقائی و بین الاقوامی پیشرفت کے منفی اثرات سے محفوظ ہے۔