• news

اسلام آباد کو مفلوج کرنیوالا چھوٹا سا احتجاج برداشت نہیں کر سکا: مریم نواز: حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی: اسفندیار

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں)مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے پیپلز پارٹی کارکنوں پر پولیس کے لاٹھی چارج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ چار ماہ تک دھرنا دے کر دارالحکومت کو مفلوج کرنے ، پارلیمنٹ ، وزیراعظم ہائوس اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والاایک دن کے لیے چھوٹا سا احتجاج برداشت نہیں کر سکا، کیونکہ ڈرتا ہے، چور دروازے سے آیا ہے10ماہ میں یہ حال ہو گیا ووٹ چوروں کا،پیپلز پارٹی کے سیاسی کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے ۔دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر شیلنگ اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت پرامن سیاسی کارکنوں کیخلاف حکومتی مشنری کا استعمال کررہی ہے،ایسے ہتھکنڈوں سے سیاسی ورکرز اپنی لیڈر شپ کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے،نالائق اعظم کی حکومت سیاسی کارکنوں سے بوکھلاچکی ہے اورمینڈیٹ چوروں کو اصلی کارکن دیکھ کر خوف آتا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نہتے کارکنوں پر لاٹھی چارج عمران خان کی آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے،عمران نیازی کھلنڈرا ہے اور ناکام ہوچکا ہے جس کا بدلہ اپوزیش سے لے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے قائدین سے یکجہتی کے اظہار کے لئے آئے تھے، نہتے کارکنوں پر تشدد اور انہیں روکنا کون سی جمہوریت ہے ؟ جمہوریت کے لیکچر دینے والے سیاسی کارکنوں اور اختلاف رائے برداشت نہیں کرسکتے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈی چوک پر تماشہ لگانے والے عوامی جذبات سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ایک بیان میں سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت ان کا آئینی حق ہے، اسلام آباد کو شہر ممنوع میں تبدیل کرنے والوں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اظہار یکجہتی کے لیے آنے والوں پر پابندیاں غیر جمہوری ہیں۔این این آئی کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت انتقام میں اندھی اور بہری ہوچکی ہے، غیر جمہوری رویے حکمرانوں کا وطیرہ ہیں۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ جمہوریت مخالف ماحول پیدا کرنے کی بجائے حکومت اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرے۔سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے والے اسلام آباد میں اپنا 126 دن کا دھرنا یاد رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب کو بطور ہتھیار سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ پرتشدد ہتھکنڈوں سے پیپلزپارٹی کو کبھی دبایا نہیں جا سکا۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کارکنوں کے بجائے رہنمائوں، ارکانِ پارلیمان اور سینیٹرز کو گرفتار کرو، آنسو گیس، گولیاں، لاٹھی چارج ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔مسلم لیگ (ن) خیبرپی کے کے صدر انجینئر امیرمقام نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاٹھی چارج اور پولیس کو نہتے سیاسی کارکنوں کے خلاف استعمال کرکے عمران نیازی نے اپنی بزدلی کامظاہرہ کیا، اپوزیشن کو کنٹینر دینے کی بات پر بھی آج یوٹرن لے لیا۔ عوام نے جسے جھوٹا کہنا ہو، اسے عمران خان کہاکریں۔ سعودی عرب سے اپنے بیان میں انہوں نے پی پی پی کارکنوں سے یک جہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ سیاسی کارکن اپنے قائدین کی چاہت اور حمایت میں آتے ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں لیکن عمران نیازی کو اصلی کارکنوں کا کیا پتہ ؟ انہوں نے کہاکہ آج قوم نے دیکھ لیا کہ نالائق اور خوفزدہ حکومت کیسی ہوتی ہے۔ ڈی چوک کو کئی ماہ تک تماشاگاہ بنانے والے کی سیاسی منافقت اب راز نہیں دیں سر پرپگڑی باندھ لینے سے کوئی پشتونوں کا لیڈر نہیں بن جاتا ہے۔ پشتون بھی جھوٹے نیازی کی اصلیت جان گئے ہیں۔۔ تبدیلی کا مزہ سب نے چکھ لیا ہے اور اب سب اس تبدیلی سے نجات کی دعا مانگ رہے ہیں۔ فرحت اللہ بابر نے کہا نیب اور ان کے چیئرمین دونوں اپنا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں جیالے کبھی ان ہتھکنڈوں سے نہ پہلے خوفزدہ ہوئے نہ اب ہونگے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی نیب پیشی کے موقع پر کارکنوں کو روکنے کے سرکاری حکمنامے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں آمریت نامنظور بلاول بھٹو زرداری کیخلاف مخالفین کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں عمران خان اور علیمہ خان کو ذرائع آمدن سے زائد اثاثوں کا جواب دینا پڑے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ دھرنا دو، ہم کنٹینر دیں گے کا دعویٰ کرنے والے بے نقاب ہوگئے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ جیالوں کو اسلام آباد داخلے سے روکنا اس بات کا اظہار ہے کہ حکومت ڈر چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوامی مزاحمت سے خوفزدہ سلیکٹڈ وزیراعظم بھیگی بلی بنا ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن