کوئٹہ: امام بارگاہ پر حملہ ناکام، پولیس کی فائرنگ سے برقعہ پوش خود کش بمبار ہلاک
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)کوئٹہ کے میگانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ پر خود کش حملے کی کوشش ناکام ،پولیس کی فائرنگ سے خود کش حملہ آور ہلاک ہو گیا، حملہ آور کا پولیس اہلکاروں پر دستی بم حملہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے میکا نگی روڈپر واقعہ امام بارگاہ ناصر العزاء میں مغرب کی نماز کے وقت برقع پوش حملہ آور نے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے اسے روکا تو اس نے پولیس اہلکاروں پر دستی بم پھینکا جو دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں مینر احمد نامی پولیس اہلکار زخمی ہوا تاہم دوسرے اہلکار کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا ، سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کے جسم سے خود کش جیکٹ اتار کر ناکارہ بنا دی جبکہ زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کردیا گیا پولیس نے حملہ آور کی نعش تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردی سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی تاہم اسکی جیکٹ میں مواد پھٹ نہ سکا ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور نے لیڈیز سینڈل اور برقعہ پہن رکھا تھا تا کہ وہ تلاشی سے بچتے ہوئے باآسانی امام بارگاہ میں داخل ہوسکے واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیکر جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا جبکہ علاقے میں حملہ آور کے سہولت کاروں کی تلاش شروع کردی گئی مزید کاروائی جاری ہے