• news

حکومت کی سمت درست‘ بڑھتی مہنگائی پر قابو پانا ضروری ہے: صدر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینئر صحافیوں نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باعث ملک میں مہنگائی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جانا ضروری ہے حکومت کی سمت درست ہے معاشی بحران سے نکل آئیں گے حکومت اقدامات کے نتیجے میں معاشی مشکلات اور مہنگائی میں کمی ہو گی۔ عمران خان ملکی مسائل حل کیلئے کوشاں ہیں حکومت ملکی مسائل حل کیلئے پر عزم ہے۔ میری وزیراعظم کے ساتھ تسلسل کے ساتھ ملاقات اہم ایشوز پر روزانہ بات ہوتی ہے وزیراعظم کے سعودی عرب میں ہونے کے باعث مشاورت مکمل نہیں ہو سکی صحافی نے دریافت کہا کہ کیا یہ مشاورت ایک محترم جج صاحب کے خط سے متعلق ہے؟ صدر مملکت نے قہقہقہ لگا کر کہا کہ آج صرف غیر سیاسی گفتگو ہو گی صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نے وہ خط پڑھ لیا؟ تو صدر مملکت نے مسکرانے پر اکتفا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پی ٹی ایم ایک مسئلہ ہے حکومت بہتر انداز میں حل کیلئے کوشاں ہے کچھ عناصر حلقے کے لوگوں میں بدگمانیاں پیدا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد ( جاوید صدیق) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ قاضی کی طرف سے لکھا گیا خط مجھے مل گیا ہے لیکن میں اس خط کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ گزشتہ شام ایوان صدر میں الخیب فاؤنڈیشن کے یتیم بچوں کو دئیے گئے افطار ڈنر پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے ریفرنس کے بار ے میں بھی کوئی تبصرہ نہیں کروںگا۔ ان سے پوچھا گیا کہ ہم نے ایوان صدر میں بڑے طاقت ور صدور بھی موجود ہے جس کے پاس (2) 58 بی کے تحت اختیارات تھے۔ آپ تو بے ضرر قسم کے صدر ہیں آپ کو کیسا محسوس ہورہا ہے کہ صدر علوی نے کہا کہ آرٹیکل (2) 58 بی کے اختیارات والے صدور اپنے دور میں آئین کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے رہے۔ وہ ایک اور دور تھا۔ لیکن اب آئین صدر کووہ اختیارات نہیں دیتا میں آئین کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہا ہوں میں مطئمن ہوں اور خوش ہوں میرا اور وزیراعظم کا تعلق بہت پرانا ہے۔ وزیراعظم مجھے کہتے ہیں کہ علوی صاحب میں لوگوں کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ صدر سے پوچھا گیا کہ آپ نے اپنی تقریر میں ریاست مدینہ کا ذکر کیا ہے کیا حکومت ریاست مدینہ کے تقاضوں کو سمجھتی ہے تو صدر علوی نے کہا کہ پاکستان کو ایک گٹر بنا دیا گیا ہے۔ اسی گٹر کی صفائی کے لیے وہ اصول اپنانا پڑیں گے جو ریاست مدینہ کے اصول تھے۔ صدر علوی سے پوچھا گیا کہ کیا ملک موجودہ معاشی بحران سے نکل پائے گا تو انہوں نے کہا نکلے گا قوموں پر مشکل وقت آتا اور گزر جاتا ہے۔ ہمارا مشکل وقت گزر جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن