• news

او آئی سی کا سربراہ اجلاس آج ہوگا، عمران کی روضہ رسولؐ پر حاضری

مدینہ منورہ +مکہ مکرمہ (نوائے وقت رپورٹ+ممتازاحمد بڈانی) وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں حاضری دی نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سپیشل سکیورٹی کے حصار میں مسجد نبوی آئے اس موقع پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد وزیراعظم کے گرد جمع ہو گئی وزیراعظم عمران خان نے مسجد نبوی کے احترام میں پاکستانیوں کو نعرے لگانے سے روک دیا وزیراعظم نے روضہ رسولؐ پر حاضر دی اور زیارت خاص کی انہوں نے مسجد نبوی میں نوافل ادا کئے اور نماز عصر ادا کی وزیراعظم عمران خان کیلئے روضہ رسولؐ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے وزیراعظم نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے ۔عمران جدہ پہنچ گئے، گورنر مکہ نے انہیں رخصت کیا۔صباح نیوز کے اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس (آج) 31مئی کو مکہ مکرمہ میں ہو گا، وزیراعظم عمران خان سمیت 57 اسلامی ممالک کے سربراہ اور وفود شرکت کرینگے۔ عمران خان کو دورے کی دعوت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ، وزیراعظم عمران خان آج او آئی سی کے چودھویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، مکہ سمٹ میں وزیراعظم خطاب بھی کریں گے۔عمران خان نماز جمعہ خانہ کعبہ میں ادا کریں گے، اجلاس میں اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا، وزیر اعظم اتوار کی رات سعودی عرب سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔ آن لائن کے مطابق عید الفطر کے بعد وزیراعظم عمران خان امریکہ کا اہم دورہ کرینگے ۔ امریکی انتظامیہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورے کی تیاریاں شروع کردیں ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کو امریکہ کے دورے کیلئے 19 اور 20 جون کو مدعو کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے امریکی انتظامیہ نے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں ۔مجوزہ دورے کو حتمی شکل دینے کیلئے امریکہ کے افغانستان کیلئے مفاہمتی عمل کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد چند روز میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دورے کی دعوت دینگے ۔

ای پیپر-دی نیشن