پی سی بی کا فیصلہ منسوخ‘ ہائیکورٹ نے شاہ دوست کو عہدوں پر بحال کر دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے شاہ دوست کو ممبر بورڈ آف گورنر اور صدر کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدو ں پر بحال کردیا۔ عدالت نے پی سی بی کو شاہ دوست کاموقف سن کر دوبارہ فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی۔ شاہ دوست نے کہا کہ مجھے عدالت سے انصاف ملا ہے، کرکٹ بورڈ نے مجھے یکطرفہ کارروائی کا نشانہ بنایا تھا۔ گورننگ بورڈ کی سترہ اپریل کی بورڈ میٹنگ میں اختلاف رائے کی وجہ سے کرکٹ بورڈ نے میرے خلاف کارروائی کی۔ ۔میری جدوجہد محکمہ جاتی اور علاقائی کرکٹ اور ہزاروں کرکٹرز کو بیروزگاری سے بچانے کیلئے ہے۔ بورڈ میٹنگ میں اختلاف رائے کا مطلب بغاوت نہیں ہوتا، ہم فیصلوں پر منظوری دیتے ہیں تو اختلاف کا حق بھی رکھتے ہیں۔ میں انصاف کی فراہمی پر ہائیکورٹ کا مشکور ہوں، پورے بلوچستان کی نظریں لاہور ہائیکورٹ پر تھیں۔ بلوچستان کو دیوار سے نہ لگایا جائے، صوبے کو کرکٹ سے محروم نہ کیا جائے، فنڈز یہاں خرچ ہونے کئے جائیں ۔