• news

مقبوضہ کشمیر: مزید 3 نوجوان شہید‘ کئی علاقوں میں ہڑتال‘ یوم القدس پر مظاہرے‘ ریلیاں

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع شوپیاں میں 3 اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے سوگام میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک فوجی کارروائی جاری تھی ۔نوجوانوں کے قتل کے خلاف لوگوںنے سڑکوں پر نکل زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروںکے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ قابض انتظامیہ نے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔ادھر بھارتی فوجیوںنے ضلع کولگام میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق فوجیوںنے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے ۔ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دونوجوانوں کی شہادت پر جمعہ کو بارہمولہ کے علاقے سوپور میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے آصف احمد وار اورنصیر احمد میر نامی نوجوانوںکو گزشتہ روز سوپور کے علاقے ڈانگر پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ دکانیں اور کاروباری ادارے بند جبکہ سڑکوں پرٹریفک کی آمد ورفت بند معطل رہی۔دوسری جانب سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو یوم القدس منایا گیا۔ اس موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن