• news

کراچی: لڑکی کی بوری بند نعش برآمد‘ مبینہ پولیس تشدد سے شہری جاں بحق

کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقے مچھر کالونی سے22سالہ لڑکی کی بوری بند نعش ملی جبکہ شاہ فیصل کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرایک شخص زخمی ہوگیا۔ڈاکس تھانے کی حدود میں مچھرکالونی الفلاح چوک کے قریب خالی پلاٹ سے ایک 22سال نامعلوم لڑکی کی تشدد زدہ نعش ملی، پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں لڑکی کو گلا دبا کرقتل کیاگیا تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگی۔شاہ فیصل کالونی تین نمبر میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان نے ایک شخص پر خنجر سے حملہ کردیا۔ادھرکراچی کے علاقے باوانی چالی میٹروول میں پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق ہو گیا،دوملزم گرفتار کر لئے گئے ۔پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے باوانی چالی میٹرودل میں مبینہ پولیس تشدد سے شہری فضل کریم جاں بحق ہو گیا ، ہلاکت پر علاقہ مکینوں نے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دعویٰ کیا کہ تھانہ مومن آباد کے اہلکار سادہ لباس میں آئے اور فضل کریم کو ساتھ لے گئے، پولیس نے فضل کریم کے گلے میں رسی ڈال رکھی تھی۔فضل کریم کے پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے سے متعلق ایس ایچ او مومن آباد نے لاعلمی کا اظہار کیا تو ایس ایچ او سائٹ اے نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کر رہا ہوں۔دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نے دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والے کے گھر والوں کے مطابق اس کی موت کی وجہ پولیس ہے، تاہم فضل کریم منشیات فروش تھا۔

ای پیپر-دی نیشن