معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کا نرسوں کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے نرسوں کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ہفتہ کو جاری ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا ہے کہ سنٹر میں سٹوڈنٹ نرسوں کی ماہانہ تنخوا چھ ہزار آٹھ سو روپے سے بڑھا کر بیس ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 16میں ریگولر نرسوں کا میس الاونس پانچ ہزار سے بڑھا کر آٹھ ہزار جبکہ ڈریس الاونس چھ سو روپے سے بڑھا کر تین ہزار روپے کر دیا گیا۔ ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نرسوں کیلئے عید کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسوں کو دی جانے والی مراعات کیلئے یہ پہلا قدم ہے جو صحت سیکٹر کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کی بہتری کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔