تمباکو نوشی سے پاکستان کو ایک کھرب 43 ارب سے زائد اخراجات کرنا پڑتے ہیں: ماہرین صحت
اسلام آباد (اے پی پی) تمباکو نوشی کی وجہ سے پاکستان کو ایک کھرب43ارب20کروڑ80لاکھ روپے کے قریب اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں صحت کے مسائل پر ہونے والے اخراجات سمیت جلد اموات کی صورت میں ہونے والے نقصانات وغیرہ شامل ہیں۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ تمباکونوشی صحت، قومی خزانے اور کارکردگی کو براہ راست متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر روز10 سے 14 سال کے ایک لاکھ25 ہزار بچے جبکہ15 سال سے زائد عمرکے ایک کروڑ47 لاکھ 37 ہزار نوجوان روزانہ تمباکو نوشی کرتے ہیں جس سے نوجوان طبقہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی نہ صرف صحت کے مختلف مسائل کا سبب بنتی ہے بلکہ اس سے قومی خزانے کو بھی سالانہ اربوں روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ماہرین صحت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمباکو نوشی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ صحت مند اورخوشحال پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا جاسکے۔