• news

ولڈ کپ: پاکستان انگلینڈ ٹاکرا آج، بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا

لاہور (سپورٹس ڈیسک )کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو 21 رنز سے شکست دیدی۔لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیہ سرکار نے اننگز کا آغاز کیا اور 60 رنز کا آغاز فراہم کیا۔تمیم اقبال نے 16 رنز بنائے جبکہ سومیہ سرکار نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے پروٹیز بائولرز کی ایک نہ چلنے دی اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 75 اور 78 رنز کی اننگز کھیلیں۔محمد متھن نے 21 اور مصدق حسین نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد اللہ نے 46 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پھلکوایو، کرس مورس اور عمران طاہر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جنوبی افریقن ٹیم 8وکٹوں کے نقصان پر 309رنز بناسکی ۔ کوئنٹن ڈی کاک تئیس ‘مارکرم پینتالیس ‘کپتان فاف ڈوپلیسی باسٹھ ‘ڈیوڈ ملر اڑتیس ‘وینڈر سین اکتالیس ‘جے پال ڈومینی پینتالیس‘پھلکوایو آٹھ ‘کرس مورس دس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ کاگیسو ربادا تیرہ اور عمران طاہر دس رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ مستفیض الرحمان نے تین ‘محمد سیف الدین نے دو جبکہ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ جنوبی افریقہ کو پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی ، پروٹیز اب تک دونوں میچ ہار چکے ہیں ۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کا دوسرا امتحان میزبان انگلینڈ کے خلاف آج ہو گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بری شکست کے بعد قومی کھلاڑیوں کے لیے کم بیک کا موقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن