عوام شش و پنج میں نہ پڑیں، عید 5 جون کو ، پلزئی 3 کو چاند نہ چڑھا دیں: فواد چوہدری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عوام کو شش و پنج میں رہنے کی ضرورت نہیں۔ عیدالفطر 5 جون کو ہی ہو گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے تو چاند کا تنازع حل کرنے کی کوشش کی ہے ہم نے تو بتایا کہ اب ٹیکنالوجی اتنی آگے چلی گئی ہے کہ آپ کو حبیب بنک بلڈنگ کی چھت پر چڑھ کر چاند دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا 5 تاریخ کو ہی عید ہو گی اور رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی اس کے علاوہ کوئی فیصلہ ہو ہی نہیں سکتا۔ اس مرتبہ چاند کی عمر چونکہ زیادہ ہے اس لئے وہ سب کو دکھائی دیگا اور عید تو اسی دن ہو گی جو ہم نے کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا بس یہ ڈر ہے پوپلزئی کہیں 3 جون کو چاند نہ چڑھا دیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے قمری کلینڈر بھی بنا دیا ہے اور چاند دیکھنے کے حوالے سے ایک ایپ بھی بنا دی ہے اور لوگوں کو یہ آپشن بھی دیدیں گے کہ وہ خود جا کر دیکھیں‘ جس طریقے سے چاند ہم دکھا سکتے ہیں کوئی اور نہیں دکھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے عید کا چاند آنکھ سے دیکھنا ہے تو پھر آپ عینک نہیں لگا سکتے‘ پھر آپ دوربین بھی نہیں لگا سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا یہ کہنا کہ پرانی ٹیکنالوجی سے دیکھیں گے تو ہلال اور نئی ٹیکنالوجی سے دیکھیں گے تو حرام ہے‘ یہ استدلال تو بالکل بھی سمجھ نہیں آتا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نہ تو پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ ہی حکومت کہیں جا رہی ہے، ہمارا اتفاق رائے ہے کہ پاکستان میں اگر جمہوری نظام نے کامیاب ہونا ہے تو عمران خان کی کامیابی ضروری ہے، صرف نظر دوڑائیں ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے مما لک کہاں کھڑے ہیں احساس ہو گا اس عرصے میں کیا کھویا کیا پایا۔ فواد چودھری نے کہا کہ سول ادارے مکمل تباہ ہیں، جس ادارے کا جائزہ لیں پتہ چلے گا۔ اقربا پروری، سفارش اور میرٹ کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر ان اداروں سے کھلواڑ کیا گیا۔ایک دو سالوں میں ان اداروں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں۔ وزیر اعظم کو ایک ریزہ ریزہ نظام ملا ہے وہ اس نظام کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں۔ عید 5 جون کو ہی ہوگی۔ رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی۔ پرانے وقتوں میں چھتوں پر جا کر اور اب موبائل ایپ ڈائون لوڈ کرکے کمرے میں بیٹھ کر چاند دیکھا جا سکتا ہے۔