شکار پور: کچے کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوئوں کا مقابلہ، ایس ایچ او سمیت 2 اہلاکار شہید،3 زخمی
شکارپور(نامہ نگار) سندھ کے شہر شکارپور کے کچے کے علاقے شاہ بیلو میں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان مقابلے کے دوران ایس ایچ او اور اے ایس آئی شہید اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق شکارپور میں تھانہ لکھی غلام شاہ کچے کی حدود میں شاہ بیلو میں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایس ایچ اوسمیت 2 اہلکار شہید اور3 زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ڈاکوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او غلام مرتضی میرانی اور اے ایس آئی ذوالفقار پنہور شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی جہانزیب، اہلکار صدام دایو اور رسول بخش لوہرشامل ہیں۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے شاہ بیلو کا محاصرہ کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ۔ پولیس کچے میں 4 روز قبل قتل ہونے والے رکشہ ڈرائیور کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے گئی تھی۔ مقابلے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں‘ زخمی اہلکاروں کو سکھر منتقل کر دیا۔ زخمی پولیس اہلکاروں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔