مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا سحری سے قبل کئی علاقوں کو محاصرے میں لیکر آپریشن
سری نگر(کے پی آئی)جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں اتوار کو بھی ہڑتال رہی ۔ ادھر جنوبی کشمیر میں بھارتی فوج نے کئی دیہات میں سحری سے قبل محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ فورسز نے پلوامہ کے ڈلی پورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد رہی ۔ بھارتی فوج ، سی آر پی ایف اور ٹاسک فورس نے مشترکہ طورپر گائوں کو سیل کرکے شہریوں کی شناختی پریڈ کی۔ دریں اثنامقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا جھوٹ اور جعلسازی ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہے ۔ پلوامہ ضلع میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان جنید احمد بٹ کو پاکستانی نوجوان قرار دے دیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر پولیس نے بھی بیان جاری کیا تھا کہ ضلع پلوامہ کے نانرمیڈورہ ترال میں جمعہ کو شہید نو جوان پاکستان شہری تھا اور اس کا نام عمر تھا۔ درحقیقت یہ نوجوان امشی پورہ شوپیان کا جنید احمد بٹ تھا۔ جنید کی لاش شوپیاں سے دوسری جگہ منتقل کی جارہی تھی کہ لواحقین نے احتجاج کیا تو انہیں لاش فراہم کر دی گئی ۔ جنید احمد بٹ کو شوپیاں میں سپردخاک کر دیا گیا ۔اس دوران ہزاروں لوگوں نے انکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔جموں میں ایک اور بھارتی فوجی اہلکار نے خودکشی کرلی ہے۔27 سالہ یوگیش سنگھ نے ایک درخت سے خود کو باندھ کر پھا نسی پر چڑ ھ گیا۔ اسمبلی کے انتخابات کرانے کے بجائے 3جولائی کے بعد صدر راج میں مزید 6ماہ کی توسیع ہو سکتی ہے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق وزیر اعظم مودی کی نئی حکومت صدر راج میں توسیع کی تجویز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھیجنے سے قبل اس پر ضروری مشاورت کرے گی۔ چھرے والی بندوق کا نشانہ بننے والے افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہو گئے ہیں ۔ بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق سری نگر کے سرکاری میڈیکل کالج کی جانب سے چھرے والی بندوق کے استعمال سے زخمی ہونے والے 380 افراد پر کئے گئے ایک جائزہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرین شدید پریشانی اور دبائو کی زندگی گزار رہے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی نے میانمار میں منصوبہ بند مسلم کشی کے بعد اب چین میںویگھور مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام جو ایک جسدواحد کی طرح متحد اور یکجا ہونا چاہیے تھا آج فرقوں، مسلکوں اور جغرافیائی حدبندیوں میں تقسیم ہوکر اسلام دشمن قوتوں کے لیے تباہ کن اور مہلک ہتھیار اور گولہ بارود کے لیے ایک آزمائشی مخلوق بن کے رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بین الاقوامی میڈیا میں چینی مسلمانوں کی حالت زار پر زیادہ تفصیلات نہیں آرہی ہیں، لیکن سوشل میڈیا اور چند ایک خبر رساں ایجنسیوں کے ذریعے جو اطلاعات مل رہی ہیں وہ پریشان کن ہی نہیں۔رفیع آباد میں ایک تیزرفتار فوجی گاڑی نے ایک گائے کو ٹکر مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔